پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت تصادم چاہتی ہے، قمر زمان کائرہ

منڈی بہاؤالدین(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت تصادم کی طرف بڑھ رہی ہے، اس لیے سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کو موقع دینا چاہیے۔
منڈی بہاؤالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ممکن ہے پی ٹی آئی قیادت یہ سمجھتی ہو کہ تصادم ان کی سیاست کے لیے موزوں ہے، تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی بہت زیادہ ہے اور ایسے حالات میں مذاکرات ہی بہتر راستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں کی جانب سے خاصی نرمی کا مظاہرہ کیا گیا، تاہم مذاکرات میں شامل نہ ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے باعث ڈیڈلاک پیدا ہوا۔ حالات فی الحال ٹھہراؤ کی جانب جاتے دکھائی نہیں دے رہے اور اگر تصادم ہوا تو بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج آئینی و قانونی اختیارات ہیں، تاہم وہ ان اقدامات کو ناپسندیدہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی لانگ مارچ کرتے رہے ہیں، جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ کو شاید ان سے کچھ زیادہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ ملک کے دو صوبے پہلے ہی دہشت گردی کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ اگر پی ٹی آئی کے کسی رہنما کی ہٹ دھرمی کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے تو ریاست کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔



