کراچی: این آئی سی وی ڈی میں 100 بستروں کی جدید کارڈیک ایمرجنسی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) کراچی میں 100 بستروں پر مشتمل جدید ترین کارڈیک ایمرجنسی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئی کارڈیک ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال رہے گی اور جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہوگی۔ نئی سہولت کے ذریعے مریضوں کو فوری طبی امداد، بروقت تشخیص اور زندگی بچانے والی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں امراضِ قلب کا مکمل مفت علاج سندھ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ این آئی سی وی ڈی آج صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طاہر صغیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ 1000 سے 1200 مریض علاج کے لیے آتے ہیں، اسی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر نئی 100 بستروں کی کارڈیک ایمرجنسی قائم کی جارہی ہے۔

نئی ایمرجنسی میں ٹرائیج، ریسسٹیٹیشن، کریٹیکل کیئر اور کریٹیکل ڈسیژن یونٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ فوری تشخیص کے لیے جدید STAT لیبارٹری کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی سہولت سے ایمرجنسی میں مریضوں کے بہتر فلو، آرام، پرائیویسی اور انفیکشن کنٹرول میں مدد ملے گی۔ ہیلپ ڈیسک، مخصوص ویٹنگ ایریا، فارمیسی اور فاسٹ ٹریک سمیت دیگر معاون سہولیات بھی نئی کارڈیک ایمرجنسی کا حصہ ہوں گی۔

2025 میں 16 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی میں 2025 کے دوران 16 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ ان میں 296,731 ایمرجنسی اور 443,610 او پی ڈی مریض شامل تھے۔

اسی عرصے کے دوران اسپتال میں 9,279 پرائمری پی سی آئی، 18,875 انجیوگرافیز اور 1,489 کارڈیک سرجریز کی گئیں، جبکہ 54,295 مریض داخل ہوئے اور 88,165 ایکو کارڈیوگرافیز کی گئیں۔

بریفنگ کے مطابق 2014 میں این آئی سی وی ڈی میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد 582,711 تھی جو 2025 میں بڑھ کر 1,603,748 ہوگئی۔

2019 سے 2025 تک سندھ سے باہر کے 13 لاکھ 22 ہزار 287 مریضوں نے بھی این آئی سی وی ڈی کراچی سے علاج حاصل کیا۔ ان میں بلوچستان کے 906,614، پنجاب کے 304,092، خیبرپختونخوا کے 101,690، آزاد کشمیر کے 31,386 اور گلگت بلتستان کے 13,592 مریض شامل ہیں۔

بچوں کے لیے 300 بستروں کا کارڈیک یونٹ بھی زیر تعمیر

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی میں 300 بستروں پر مشتمل علیحدہ پیڈیاٹرک کارڈیک یونٹ بھی زیر تعمیر ہے۔

گراؤنڈ پلس 7 منزلہ عمارت پر مشتمل اس یونٹ میں 5 آپریشن تھیٹرز، 4 کیتھ لیبز اور ایک ہائبرڈ لیب قائم کی جائیں گی، جبکہ بچوں کے لیے سی ٹی، ایم آر اور امراضِ قلب سے متعلق جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ این آئی سی وی ڈی کراچی میں 59 ہزار مربع فٹ رقبے پر نیا آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ بھی تعمیر کیا جارہا ہے، جبکہ 250 افراد کی گنجائش والا کانفرنس ہال اور لائبریری بھی زیر تعمیر ہیں۔

بریفنگ کے مطابق نئی کارڈیک ایمرجنسی کے قیام میں ہلٹن فارماسیوٹیکل اور پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کا تعاون اہم سنگِ میل ہے، جس کے ذریعے سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے عالمی معیار کی طبی سہولت قائم کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button