سپارکو نے پاکستان کی پہلی چاند گاڑی کے نام کا اعلان کردیا


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپارکو نے پاکستان کی پہلی قمری گاڑی کے سرکاری نام کا اعلان کردیا۔ پاکستان کا پہلا قمری روور اب ’جناح-1‘ کے نام سے جانا جائے گا۔
سپارکو کے مطابق ’جناح-1‘ کا نام ملک گیر مقابلے میں موصول ہونے والی 4 ہزار سے زائد تجاویز میں سے منتخب کیا گیا۔ یہ نام 7 شرکاء نے تجویز کیا تھا، جن میں سے فاتح کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔
قرعہ اندازی میں بہاول نگر کے 17 سالہ طیب کریم ’جناح-1‘ نام تجویز کرنے والے فاتح قرار پائے۔
چیئرمین سپارکو نے کہا کہ ’جناح-1‘ قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ پاکستان کے عزم، ترقی اور نئے خلائی افق کی علامت ہے۔
پاکستان کا پہلا قمری روور 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند پر روانہ ہوگا۔ ’جناح-1‘ چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق کرے گا۔