حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے مذاکرات ناکام، 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان برقرار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، جس کے بعد ہفتہ 15 اگست صبح 6 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپس بند کرنے کی ہڑتال یقینی ہوگئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے گزشتہ شب مذاکرات کیے۔ وزارت پیٹرولیم اور ڈیلرز کے درمیان مذاکرات تقریباً 5 گھنٹے جاری رہے، تاہم کسی حتمی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے۔
پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے دیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیر پیٹرولیم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق مذاکرات کے دوران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کے نظام میں تبدیلی سے انکار کردیا۔
حکومت نے ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کے معاملے پر بات کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم اس کی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط قرار دی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم کے رویے کے باعث وفد نے فوری طور پر کراچی واپس روانہ ہونے کا فیصلہ کیا اور ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا۔
ڈیلرز نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ 15 اگست کی صبح 6 بجے سے ہڑتال کے فیصلے پر بدستور قائم ہیں۔
مذاکرات میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کے علاوہ وائس چیئرمین طارق حسن، انور کمال، سندھ کے صدر امیر خان، پنجاب سے راجا وسیم، چودھری باہر، خواجہ کاشف الٰہی اور خیبرپختونخوا سے عبدالمجید خان سمیت دیگر نمائندے شریک ہوئے۔



