غیر ملکی مذہبی تنظیم “باب العلم” کے زیر اہتمام ماتلی میں20غریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں

ماتلی(رپورٹ:ایم آر گدی جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی میں غیر ملکی مذہبی تنظیم “باب العلم” کے زیر اہتمام ماتلی میں 20 غریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں سادہ اور پُروقار انداز میں شہر کے ایک مقامی شادی ہال میں منعقد کی گئیں، جن میں دلہا دلہن کے عزیز و اقارب، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے خوشی میں بھرپور حصہ لیا۔ تقریب کے دوران نکاح کی تمام شرعی و سماجی رسومات ادا کی گئیں اور علماء کرام نے نکاح پڑھائے، جبکہ مہمانوں کی پرتکلف دعوت سے تواضع کی گئی۔ تنظیم کی جانب سے دلہنوں کو ضروری گھریلو سامان اور جہیز بھی فراہم کیا گیا تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا باعزت آغاز کر سکیں۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد مستحق اور نادار خاندانوں کی مالی مشکلات کو کم کرنا اور معاشرے میں سادگی کو فروغ دینا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسی اجتماعی شادیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں جو نہ صرف اخراجات میں کمی لاتی ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر جوڑوں کی خوشحال زندگی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا، جبکہ علاقہ مکینوں نے اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے ایک قابلِ تقلید اور مثبت سماجی اقدام قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button