ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر مریم نواز برہم، سخت احکامات جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ گاڑیوں کو ہر صورت ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کی گاڑی تلے آکر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
مریم نواز کی زیرصدارت لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں شہر میں ٹریفک کی روانی، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
انہوں نے لاہور کی تمام معروف شاہراہوں پر بائیک لین مقرر کرنے اور پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ زیبرا کراسنگ پر الرٹ بٹن نصب کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے مال روڈ پر زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ مال بردار ٹریکٹر ٹرالیوں کو بغیر کور سڑکوں پر آنے سے روکنے اور ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی کور کرنے کا حکم دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے گنے کا سیزن شروع ہونے سے قبل اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں لاہور کی ٹریفک رینکنگ میں بہتری پر وزیراعلیٰ نے اظہار مسرت کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمبیو گلوبل ٹریفک رینکنگ انڈیکس میں لاہور 149ویں نمبر سے بہتر ہو کر 29ویں نمبر پر آگیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق جاتی امرا چوک، پائن ایونیو، ڈیفنس موڑ، کریم بلاک، اکبر فلائی اوور، کاہنہ اور مین بلیو وارڈ میں ٹریفک کے ہجوم میں 70 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے فیروز پور روڈ کو لاہور کا ماڈل روڈ بنانے کی ہدایت کی، جبکہ پائن ایونیو اور جاتی امرا چوک پر ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے سگنلز نصب کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 16 سے 18 سال عمر کے بچوں کے لیے اب تک 4096 ٹریفک پرمٹ یا لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر خواتین کے لیے 65 ہزار پینک بٹن بھی نصب کیے گئے ہیں۔



