نورین نیازی اور دیگر خواتین کو فوری رہا کیا جائے، بیرسٹر گوہر خان

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی حالات سخت ہو رہے ہیں اور تلخیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ایسے میں نورین نیازی اور دیگر خواتین کو فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ نورین نیازی کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں رات گئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نورین نیازی اور دیگر خواتین کو فی الفور رہا کیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ غیر سیاسی خواتین کو جیلوں میں ڈالنا غیر انسانی سلوک ہے اور اس سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں تلخیوں کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہییں۔

بیرسٹر گوہر خان نے خیبرپختونخوا کے ارکانِ صوبائی اسمبلی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے مجرم نہیں بلکہ ہیروز ہیں۔ ان کے مطابق لانگ مارچ کرنا کوئی جرم نہیں، لیکن گزشتہ چار سال کے دوران ان کے بقول پی ٹی آئی کو ایک بھی لانگ مارچ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ مخالف فریق 14 لانگ مارچ کر چکا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button