پارلیمان کو طاقت اور عزت دینے کے لیے اپوزیشن کمیٹیوں میں آئے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرے اور انتخابی دھاندلی کے الزامات کا حل تلاش کرنے کے لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں فوری شرکت کرے۔

پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پارلیمان طاقتور ہے تو ہم سب طاقتور ہیں۔ اپوزیشن کو اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے کمیٹیوں میں آکر بیٹھنا چاہیے تاکہ پارلیمان کو مزید طاقت اور عزت دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے تو اسے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں فوری طور پر شامل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ عمل پارلیمان کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی و سیاسی حالات انتہائی اہم ہیں اور آنے والے دنوں میں پاکستان کو متعدد مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کو ایوان میں آکر ارکان کو صورت حال سے آگاہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ پارلیمان کو بتایا جائے کہ خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورت حال اور دفاعی معاہدوں کے پاکستان پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے ارکان کا حق ہے کہ انہیں اہم قومی اور بین الاقوامی معاملات سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے دہشت گردی کے معاملے پر بھی پارلیمان کو تفصیلی بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کو بتایا جائے کہ ملک کو درپیش خطرات کیا ہیں اور حکومت ان سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ پارلیمان میں اپنی طاقت اور کردار کا مؤثر استعمال کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت بریفنگز اور پارلیمانی کمیٹیوں کو فعال بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ حقائق سامنے آئیں تو اپوزیشن کی عدم شرکت سے اس عمل کا مقصد متاثر ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button