بدین میں قومی انسدادِپولیو مہم2نومبرسے شروع،تمام انتظامات مکمل ہونے کادعویٰ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)2 نومبر سے شروع ہونے والی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت دربار ہال میں منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد نے کہا کہ 2 نومبر سے شروع ہونے والی قومی انسدادِ پولیو مہم کے لیے ضلع بھر میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ مہم کے دوران ہر بچے تک پولیو سے بچاؤ کے قطرے پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کا انحصار ایک جامع، مؤثر اور زمینی حقائق کے مطابق تیار کردہ مائیکرو پلان پر ہے، لہٰذا کسی بھی صورت میں مائیکرو پلان کی ناکامی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مائیکرو پلان میں ہر علاقے، آبادی اور بچے کی درست نشاندہی یقینی بنائی جائے تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی کمی یا غلطی کا سامنا نہ کرنا پڑے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے بدین شہر کے ماحولیاتی نمونوں کے نتائج مسلسل منفی آ رہے ہیں، جو ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیو ٹیموں اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد انسدادِ پولیو مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کی نشاندہی اور ان کے بروقت حل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے خاندانوں کے کیسز پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے خاندانوں سے رابطہ، آگاہی اور مؤثر کونسلنگ کے ذریعے انکار کے کیسز ختم کیے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران اگر کسی ٹیم کو کسی قسم کی دشواری پیش آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے تاکہ مسئلے کو بلا تاخیر حل کیا جا سکے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو ٹیمیں مقررہ مائیکرو پلان کے مطابق گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں اور رہ جانے والے بچوں کو فوری طور پر قطرے پلانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اجلاس میں انسدادِ پولیو مہم کے مائیکرو پلان، ٹیموں کی تشکیل، انکاری کیسز، ماحولیاتی نمونوں، نجی اسکولوں کے تعاون، لاجسٹک انتظامات اور مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کے بروقت حل سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button