دندو کے سرکاری اسپتال میں انجیکشن کے بعد بچہ چار روز سے درد میں مبتلا،والد کی پریس کلب پہنچ کر فریاد

ماتلی (رپورٹ ۔اے۔ایم۔گدی)یونین کونسل دندو کے گوٹھ رنگی کے رہائشی حنیف ملاح اپنی والدہ جلی ملاح اور اہلیہ کے ہمراہ شدید تکلیف میں مبتلا معصوم بیٹے کو لے کر ماتلی پریس کلب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے حکام سے بچے کے علاج اور مبینہ طبی غفلت کی تحقیقات کرانے کی اپیل کی۔

حنیف ملاح کے مطابق ان کا بیٹا دمے کی تکلیف میں مبتلا تھا، جسے علاج کے لیے دندو کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں موجود ڈاکٹر نے بچے کو انجیکشن لگایا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انجیکشن لگنے کے بعد سے بچہ گزشتہ چار روز سے مسلسل درد میں مبتلا ہے اور اس کی تکلیف میں کمی نہیں آ رہی۔متاثرہ والد نے بتایا کہ جب بچے کی حالت میں بہتری نہ آئی تو وہ اسے دوبارہ دندو کے سرکاری اسپتال لے کر گئے، تاہم وہاں موجود ڈاکٹر نے انہیں کسی نجی اسپتال میں علاج کرانے کا مشورہ دے دیا، جس کے باعث خاندان شدید پریشانی کا شکار ہے۔حنیف ملاح اور ان کے اہل خانہ نے ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ٹنڈو محمد خان اور محکمہ صحت سندھ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، بچے کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اگر طبی غفلت ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔متاثرہ خاندان نے حکام سے اپیل کی ہے کہ بچے کی تکلیف کا فوری ازالہ کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button