مکہ معاہدہ عالمِ اسلام کیلئے تاریخی پیش رفت ہے،ن لیگی رہنما

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے بلال فاروق تارڑ، سابق کونسلر افتخار احمد بٹ، ضلعی نائب صدر محمد زمان چیمہ، ضلعی صدر یوتھ ونگ وقار احمد چیمہ اور ضلعی صدر لیبر ونگ محمد عمران سنی نے کہا ہے کہ آج عالمِ اسلام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ مقدس سرزمین مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والا مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع باہمی تعاون، یکجہتی اور مشترکہ سلامتی کے حوالے سے نئے دور کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط تعلقات پہلے ہی تاریخی، مذہبی اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں، جبکہ مشترکہ دفاعی تعاون ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والی یہ پیش رفت نہ صرف تینوں ممالک بلکہ پورے عالمِ اسلام کے لیے امید، اتحاد اور مشترکہ سلامتی کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سے باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور برادر ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button