ماہرہ خان کے نام سے بھارت مخالف احتجاج کی حمایت کا دعویٰ جھوٹا نکلا، اداکارہ نے لاتعلقی ظاہر کردی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) اداکارہ ماہرہ خان سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹ میں نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف احتجاج کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا، تاہم اداکارہ نے اس بیان سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے اس کی تردید کردی ہے۔ فیکٹ چیک کے مطابق بھی اس دعوے کی تصدیق کے لیے کوئی قابلِ اعتماد ثبوت سامنے نہیں آیا۔

یہ دعویٰ 8 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف کی جانب سے نو سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد گردش کرنے لگا۔ پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ماہرہ خان نے 10 اکتوبر کو نئی دہلی میں ہونے والے بی جے پی مخالف احتجاج کی حمایت کی ہے۔

وائرل پوسٹ میں ماہرہ خان سے منسوب ایک مبینہ انسٹاگرام اسٹوری کا متن بھی شامل تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں داخلے پر پابندی کے باعث وہ احتجاج میں شرکت نہیں کرسکتیں۔ اسی مبینہ بیان میں یہ امید بھی ظاہر کی گئی تھی کہ احتجاج سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا اور وائرل پوسٹ کو ڈھائی ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ تاہم ماہرہ خان نے واضح کیا کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔فیکٹ چیک کے مطابق پاکستانی اور بھارتی ذرائع ابلاغ میں بھی ایسی کوئی مستند خبر سامنے نہیں آئی جس سے ثابت ہو کہ اداکارہ نے مذکورہ احتجاج کی عوامی سطح پر حمایت کی تھی۔ اس لیے ماہرہ خان سے منسوب بیان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

مزید خبریں

Back to top button