ٹانک میں الیکشن کمیشن کے ڈی جی شمشاد اختر محسود شہید، واقعہ ٹارگٹ کلنگ قرار
بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے گاؤں آئے تھے، شمشاد اختر محسود ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمشاد اختر محسود ضلع ٹانک میں دہشت گردی کی کارروائی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ ذرائع کے مطابق وہ اپنے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے گاؤں آئے ہوئے تھے کہ علاقے گرہ بلوچ میں ان پر فائرنگ کردی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید افسر نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس شخصیت کے مالک تھے اور ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ بیان کے مطابق شمشاد خان اپنے ساتھیوں اور رفقائے کار میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر، ارکانِ الیکشن کمیشن، سیکریٹری اور دیگر ملازمین نے شمشاد اختر محسود کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے شہید افسر کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس مشکل گھڑی میں ادارہ سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔



