ایکنک کی11ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، کنگ سلمان اسپتال، نئے پاور پراجیکٹس اور فرانزک لیبارٹری بھی شامل

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں 40.8 میگاواٹ کے کوٹو ہائیڈرو پاور منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ بلوچستان میں لسبیلہ نہر کی بحالی اور ری ماڈلنگ کے ساتھ میرانی ڈیم سے گوادر کو پانی فراہم کرنے کے منصوبے بھی منظور کیے گئے۔
اجلاس میں بلوچستان میں بویلہ تا پروم اور پروم تا چیدگئی سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ درگئی، شہبازوئی تا تونسہ شریف سڑک کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
توانائی کے شعبے میں گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے ڈسٹری بیوٹڈ سولر فوٹو وولٹک پلانٹس کی تنصیب اور نیشنل گرڈ کمپنی کے نیٹ ورک میں ری ایکٹو پاور کمپنسیشن ڈیوائسز نصب کرنے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ پراجیکٹ (پلس) کی بھی منظوری دی گئی۔
صحت اور فرانزک سائنس کے شعبوں میں اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں کنگ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اسپتال کے قیام اور نیشنل فرانزک ایجنسی کے لیے جدید، مخصوص لیبارٹری کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں اسحاق ڈار نے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے، لاگت میں اضافے سے بچنے اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی راہ میں حائل طریقہ کار کی رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہیے۔



