صوابی میں ہمارا پلان سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے، سہیل آفریدی کا بڑا اعلان

منگا بازار مردان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج مردان میں ہر جگہ دفعہ 804 نافذ ہے، جس پر انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے پارلیمنٹیرینز کی قیادت میں صوابی پہنچیں، جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا اور ان کا خیال رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان سے محبت کرنے والے ہر صورت صوابی پہنچیں گے۔ گاڑی دستیاب نہ ہوئی تو موٹر سائیکل، موٹر سائیکل نہ ملی تو سائیکل اور ضرورت پڑنے پر پیدل سفر کرکے بھی منزل تک پہنچیں گے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ مبینہ ظالمانہ ہتھکنڈوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کے بقول، ’’ایک کروڑ بزدلوں سے ایک ہزار بہادر بہتر ہوتے ہیں۔‘‘انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ احتجاج کو پرامن رکھا جائے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوابی میں احتجاجی منصوبہ آگے بڑھے گا اور وہاں ہونے والی سرگرمیاں مخالفین کے لیے غیر متوقع ہوں گی۔



