سلمان خان کا یوٹیوب کی دنیا میں بھی قدم، آفیشل چینل لانچ ہوتے ہی 11 گھنٹوں میں 32 ہزار سے زائد سبسکرائبرز


ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی موجودگی کو مزید وسعت دیتے ہوئے اپنا آفیشل یوٹیوب چینل لانچ کر دیا، جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 60 سالہ سلمان خان نے اپنے نئے یوٹیوب چینل کا اعلان انسٹاگرام اسٹوری پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کرکے کیا۔ اداکار نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’’ابتدا سے شروع کرتے ہیں، یہ میرا آفیشل یوٹیوب چینل ہے، جہاں اے سے زیڈ تک سب کچھ ملے گا۔‘‘
رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے یوٹیوب چینل نے آغاز کے محض 11 گھنٹوں کے اندر 32 ہزار سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر لیے، جو ان کے مداحوں کی دلچسپی کا اظہار ہے۔
نئے چینل پر ابتدائی طور پر 10 شارٹس اپ لوڈ کی گئی ہیں، تاہم اداکار نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ وہ مستقبل میں اپنے یوٹیوب چینل پر کس نوعیت کا مواد شیئر کریں گے۔
سلمان خان کی جانب سے یوٹیوب چینل کا آغاز ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں ایک نئے اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اب مداحوں کو انتظار ہے کہ اداکار اپنے آفیشل چینل کے ذریعے کس طرح کا خصوصی مواد پیش کرتے ہیں۔