وزیراعظم شہباز شریف کی ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع قومی حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور مؤثر قومی حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے طبی چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ بیماری سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی پر بھی خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ذیابیطس کے علاج اور روک تھام سے متعلق بین الاقوامی و قومی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری سے بچاؤ، عوامی شعور بیدار کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں، بالخصوص کالجوں اور جامعات کے طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولاتِ زندگی سے متعلق آگاہی کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے تاکہ ذیابیطس سے بچاؤ کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹیلی ویژن، ریڈیو، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق معلومات عام کی جائیں، تاکہ عوام کو بیماری کے خطرات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا سکے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے قومی ترجیحات کے مطابق واضح پالیسی اور قابلِ عمل منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ ادارے تحقیق، عوامی آگاہی اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے مربوط حکمتِ عملی تیار کریں۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی تحقیق، تجربات اور مؤثر عملی طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں بیماری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں شریک طبی ماہرین کا وفد پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کے لیے موجود ہے۔ وفد کے شرکاء نے ذیابیطس اور دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لیے پاکستان میں کیے جانے والے اقدامات اور پالیسیوں پر عمل درآمد کو سراہا۔
طبی ماہرین نے پاکستان میں ذیابیطس سے بچاؤ اور عوامی آگاہی مہم میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طبی ماہرین دنیا بھر میں ذیابیطس اور دیگر امراض کے علاج اور روک تھام کے شعبوں میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔



