’شیطان مرگیا‘ تنوشری دتہ کا نانا پاٹیکر کی موت پر ردِعمل

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کی موت پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیطان مر گیا۔
نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا مقدمہ کرنے والی اداکارہ و ماڈل تنوشری دتہ نے ان کی موت پر انسٹا اسٹوریز کے ذریعے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میرے لیے یہ شیطان کی موت ہے کیونکہ شیطان رک ہی نہیں رہا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے یہ خبر ملی ہے، آج میرے کام کا دن ہے، میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے لکھنؤ جا رہی ہوں اور اپنی توجہ اسی پر مرکوز رکھنا چاہتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ سب ہونے کے لیے کتنا عجیب دن ہے، کیونکہ لکھنؤ میں میرا ایک بہت بڑا ایونٹ ہے، جو میرے لیے کافی اہم تھا، میں نے اپنا پورا دن ان لائیو سیشنز اور پوسٹنگ کے لیے ترتیب دے رکھا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب مجھے فکر ہے کہ شام کو میڈیا کی دلچسپی صرف ’ایول ڈیڈ‘ میں رہ جائے گی، اس لیے جب مجھے سمجھ آ جائے گی کہ مجھے کس نوعیت کا ردِعمل دینا چاہیے تو میں اپنی رائے دوں گی، فی الحال میں ان کے خاندان سے تعزیت کرتی ہوں۔
اداکارہ کے ردِعمل نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی، انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے، جس کے بعد انہوں نے وضاحتی بیان بھی جاری کر دیا۔
وضاحتی بیان میں تنوشری دتہ نے کہا ہے کہ اگر آپ میرے زاویے سے دیکھیں تو یہ شیطان کی موت ہے کیونکہ شیطان بہت تنگ کر رہا تھا۔
تنوشری دتہ نے می ٹو مہم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے پچھلے 5 سال کیسے گزرے ہیں یہ میں ہی جانتی ہوں، مجھے ذہنی اذیت دی گئی اور یہاں تک کہ میری گاڑی کے بریک فیل کیے گئے۔
یاد رہے کہ تنوشری دتہ نے کئی سال پہلے 2009 کی فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر نے فلم کے سیٹ پر میرے ساتھ نامناسب سلوک کیا۔
ادھر نانا پاٹیکر نے ان الزامات کی تردید کی تھی اور ان دعوؤں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔



