امریکی گلوکارہ ایلا لینگلی کا سیکیورٹی خدشات پر کنسرٹ منسوخ

ٹلسا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی گلوکارہ ایلا لینگلی نے امریکی شہر ٹلسا میں اپنا کنسرٹ عین وقت پر منسوخ کر دیا۔ گلوکارہ نے اس فیصلے کی وجہ مداحوں، وینیو کے عملے اور اپنی ٹیم کو لاحق سیکیورٹی خطرات کو قرار دیا، تاہم مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کنسرٹ کے مقام پر کوئی خطرہ موجود نہیں تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 27 سالہ ایلا لینگلی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ سیکیورٹی کے سنگین خدشات کے باعث کنسرٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی شخص کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتیں۔

گلوکارہ نے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو سمجھتی ہیں کہ لوگ کسی کنسرٹ میں شرکت کے لیے اپنا وقت، سفر اور رقم خرچ کرتے ہیں، اس لیے اچانک شو منسوخ ہونے سے انہیں مایوسی ہوئی ہوگی۔

بعد ازاں کنسرٹ کے منتظمین نے بھی ٹکٹ خریدنے والے مداحوں سے معذرت کی۔ تاہم اس معاملے پر مقامی پولیس کا مؤقف گلوکارہ کی ٹیم کے بیان سے مختلف سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق حکام کو جمعے کی صبح ایک فون کال موصول ہوئی تھی، جس میں کنسرٹ کے دوران نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ کال کے بعد کنسرٹ شروع ہونے سے پہلے مقام کی تلاشی لی گئی اور دو مرتبہ سیکیورٹی چیکنگ کی گئی، جبکہ وہاں اضافی سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وینیو انتظامیہ کو کنسرٹ منسوخ کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی تھی اور بظاہر یہ فیصلہ گلوکارہ کی ٹیم نے خود کیا۔ پولیس کے مطابق تلاشی اور سیکیورٹی جانچ کے دوران کنسرٹ کے مقام پر کوئی خطرہ نہیں ملا، جبکہ دھمکی آمیز کال کو جھوٹا اور افراتفری پھیلانے کی کوشش قرار دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button