لاہور ایئرپورٹ پر عملے کی غفلت، تھائی ایئرلائن کے مسافر امیگریشن کے بجائے اگلی فلائٹ ایریا میں داخل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور ایئرپورٹ پر عملے کی لاپرواہی کے باعث تھائی ایئرلائن کی پرواز سے آنے والے درجنوں مسافر امیگریشن ایریا کے بجائے اگلی بین الاقوامی فلائٹ کے ایریا میں داخل ہوگئے۔ واقعہ یکم نومبر کی رات 11 بجے پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق تھائی ایئرلائن کی پرواز نمبر TG-345 اپنے مقررہ وقت سے دس منٹ تاخیر سے لاہور پہنچی۔ جب مسافر جہاز سے باہر نکلے تو ٹنل کے اختتام پر عملے کی عدم موجودگی کے باعث وہ دوسری انٹرنیشنل فلائٹ کے مسافروں کے ساتھ اگلی فلائٹ کی جانب بڑھ گئے۔
ذرائع کے مطابق تقریباً دو درجن کے قریب مسافر غلط سمت میں جاتے ہوئے عمرہ فلائٹ کے ٹنل ایریا میں داخل ہوگئے۔ کچھ دیر بعد جب ایئرپورٹ عملے کو صورتحال کا علم ہوا تو وہ موقع پر پہنچے اور مسافروں کو آوازیں دے کر واپس بلایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سیکیورٹی کے لیے سنگین غفلت تصور کیا جا رہا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ذمہ دار عملے کی نشاندہی کر کے کارروائی کی جا سکے۔



