سپریم کورٹ ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ، صدر نے منظوری دے دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی حکومت کی سفارش پر سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سمری منظور کرلی، جس کے بعد سپریم کورٹ ججز کی تنخواہیں اور مراعات وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے برابر ہوگئی ہیں۔
نئی تنخواہوں اور الاؤنسز کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے ہوگا، جبکہ گزشتہ مدت کے مالی فوائد اور اضافے کے بقایا جات بھی ججز کو ادا کیے جائیں گے۔ منظوری کے بعد جاری ہونے والا صدارتی حکمنامہ سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ حکمنامہ 2026 کہلائے گا۔
حکمنامے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے ماہانہ ہوگی۔
سپریم کورٹ ججز کی بنیادی تنخواہ پہلے 11 لاکھ روپے تھی، جس میں 4 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ججز کے جوڈیشل الاؤنس میں بھی نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جوڈیشل الاؤنس 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کیا گیا، یوں الاؤنس میں تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار روپے ماہانہ اضافہ ہوگا۔
حکمنامے میں سپریم کورٹ ججز کے پنشن پیکیج میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پنشن سے متعلق ایک شق میں عمر کی حد 70 سال سے بڑھا کر 75 سال جبکہ دوسری متعلقہ شق میں عمر کی حد 85 سال سے بڑھا کر 90 سال کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ ججز کے لیے ماہانہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے میڈیکل الاؤنس بھی مقرر کردیا گیا ہے۔



