کبریٰ خان نے گوہررشید کو بہترین شوہر قرار دیدیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے اداکار گوہر رشید کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا رشتہ اعتماد، احترام اور باہمی تعاون پر قائم ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کبریٰ خان نے اپنی شادی شدہ زندگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمد للّٰہ! شادی شدہ زندگی بہت اچھی گزر رہی ہے اور گوہر ایک بہترین شوہر ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ شادی سے قبل کئی سال کی دوستی نے ہمارے رشتے کو مزید مضبوط بنایا، کیونکہ دونوں ایک دوسرے کی شخصیت، پیشہ ورانہ زندگی اور مصروف شیڈول سے پہلے ہی اچھی طرح واقف تھے۔
کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ بطور میاں بیوی ہماری اولین ترجیح ایک دوسرے کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں ساتھ دینا اور اپنے گھر کے سکون کو برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ میں یا گوہر رشید ایک دوسرے کے کام یا کسی مخصوص ساتھی اداکار کے ساتھ کام کرنے پر پابندی عائد کرتے ہیں۔
کبریٰ خان کے مطابق شادی سے قبل ہی دونوں نے اپنی محنت سے شوبز انڈسٹری میں الگ الگ کامیاب مقام بنایا تھا، اس لیے ہم ایک دوسرے کے کیریئر کا احترام کرتے ہیں۔
اداکارہ نے گوہر رشید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت احترام، حوصلہ افزائی کرنے والے اور ہمیشہ مجھے نئے منصوبوں پر کام کرنے اور پیشہ ورانہ طور پر آگے بڑھنے کی ترغیب دینے والے شوہر ہیں۔
واضح رہے کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید نے 12 فروری 2025ء کو سعودی عرب میں سادگی سے نکاح کیا تھا، جبکہ دونوں نے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان 14 فروری کو کیا تھا، شادی سے قبل دونوں تقریباً 9 برس تک قریبی دوست رہے تھے۔



