کروم بکس اور لیپ ٹاپ بانٹنا تعلیمی بحران کا حل نہیں، ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، جے یو آئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیمی بحران شدت اختیار کر رہا ہے اور اس کے حل کے لیے دیرپا اور پائیدار تعلیمی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محض کروم بکس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے تعلیمی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر شہداء کے خلاف بات نہ کریں، رانا سکندر حیات
اسلم غوری کے مطابق پاکستان میں ڈھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد کے حوالے سے پاکستان سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے حکومت کی تعلیمی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کا احسان نہیں بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں طبقاتی تفریق ختم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ان کے بقول، اشرافیہ کے بچوں کو جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ اسکول میسر ہیں، جبکہ غریب بچوں کے تعلیمی اداروں میں واش روم جیسی بنیادی سہولتیں بھی موجود نہیں ہوتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کروم بکس حاصل کرنے والے بچوں کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کا ہر نوزائیدہ بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہوتا ہے۔ اسلم غوری کا کہنا تھا کہ انہی پالیسیوں کے باعث ہر سال لاکھوں باصلاحیت نوجوان اپنے اور اپنے خاندان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور ہوتے ہیں۔



