مولانا فضل الرحمان اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر شہداء کے خلاف بات نہ کریں، رانا سکندر حیات

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے کیا کیا اور صوبے کے عوام کی حفاظت کے لیے کس نے قربانیاں دیں۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر شہداء کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے تحفظ اور بہتری کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی 13 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اس کے دور میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔

سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نہ کسی کی خواہش تھی اور نہ ہی اسے سیاسی حل سمجھا گیا، بلکہ ان کے بقول یہ اقدام مجبوری کے تحت کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button