جاوید جعفری کی اہلیہ سے 16 کروڑ روپے کا فراڈ ہونےکا انکشاف

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی اداکار و کامیڈین جاوید جعفری کی اہلیہ حبیبہ سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے جاوید جعفری کی اہلیہ حبیبہ سے مبینہ 16.24 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں تاجر نشیت پٹیل کو گرفتار کر لیا۔ فراڈ کیس کی ایف آئی آر کھار پولیس اسٹیشن میں بی ایم سی کے اسسٹنٹ کمشنر مہیش پاٹل سمیت چھ ملزمان کے خلاف درج کی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر جعفری فیملی کو یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ ان کے بااثر بلڈرز اور اعلیٰ سرکاری حکام کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، انہوں نے خاندان کو باندرہ میں واقع نیو کمل کنج ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے پر راضی کیا اور بھاری مالی منافع اور پراپرٹی کا قبضہ جلد دلوانے کا وعدہ کیا۔
تحقیقات کے مطابق ڈیل کو اصل دکھانے اور خاندان کا اعتماد جیتنے کیلیے جعلی دستاویزات تیار کی گئیں، لیٹرز آف انٹرسٹ استعمال کیے گئے اور رجسٹریشن سے متعلق من گھڑت کاغذی کارروائی کا سہارا لیا گیا۔
تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ سرمایہ کاری کی گئی رقم کو متعدد کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کیا گیا، دوران تفتیش نشیت پٹیل نے جعلی دستاویزات بنانے کا اعتراف کیا۔
دستیاب معلومات کے مطابق حبیبہ جعفری کو اپریل 2024 میں اندھیری میں واقع اپنے بنگلے کے پراپرٹی ٹیکس کے واجبات کے سلسلے میں بی ایم سی کی طرف سے ایک نوٹس موصول ہوا تھا، اس دوران علی رضا نامی ایک شناسا نے مبینہ طور پر ان کا تعارف مہیش پاٹل سے کروایا جو اس وقت بی ایم سی کے جی-ساؤتھ وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔



