تھرپارکر:قائم خان نہڑیو کی واجب الادا پنشن ایک ماہ میں ادا کی جائے،عدالت کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ میرپورخاص نے یونین کونسل کلوئی کے سابق سیکریٹری مرحوم قائم خان نہڑیو کی واجب الادا پنشن کے کیس میں اہم حکم جاری کرتے ہوئے یوسی چیئرمین سرفراز لنڈ اور سیکریٹری دیدار ابڑو کو ایک ماہ کے اندر پنشن ادا کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت کے حکم کے بعد دونوں افسران کی جانب سے تحریری یقین دہانی کرانے پر انہیں رہا کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، گاؤں کاریہر کے رہائشی اور یونین کونسل کلوئی کے سابق سیکریٹری قائم خان نہڑیو کو ریٹائرمنٹ کے آٹھ سے دس سال گزرنے کے باوجود واجب الادا پنشن نہیں مل سکی تھی۔ ورثاء کے مطابق، مرحوم نے دورانِ علالت پنشن کی ادائیگی کے لیے یوسی چیئرمین اور سیکریٹری کو بار بار درخواستیں دیں، لیکن ان کی پنشن ادا نہیں کی گئی۔ علاج کے لیے ضروری رقم نہ ہونے کے باعث بھی انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ تین روز قبل انتقال کر گئے تھے۔پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف مرحوم قائم خان نہڑیو نے تقریباً تین ماہ قبل ایڈووکیٹ میر محمد نہڑیو کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ میرپورخاص میں درخواست دائر کی تھی۔ کیس کی سماعت کے دوران یوسی چیئرمین سرفراز لنڈ اور سیکریٹری دیدار ابڑو عدالت میںٽ پیش نہیں ہو رہے تھے، جس کے بعد آج عدالت میں پیش ہونے پر دونوں کے خلاف جیل کسٹڈی کا حکم جاری کیا گیا۔ عدالت میں دونوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر واجب الادا پنشن ادا کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی، جس کے بعد عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ قائم خان نہڑیو یونین کونسل کلوئی میں سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔ ان کے پنشن کیس کی پیروی ایڈووکیٹ میر محمد نہڑیو کر رہے تھے۔ اس واقعے کے بعد سرکاری ملازمین کی پنشن اور ریٹائرڈ ملازمین کے جائز حقوق کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔



