اسسٹنٹ کمشنر ماتلی کا تعلقہ اسپتال کا دورہ، ادویات اور ویکسین کے ذخیرے کا معائنہ

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ڈپٹی کمشنر بدین میڈم زارا زاہد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد نور چنہ نے تعلقہ اسپتال ماتلی کا دورہ کرکے طبی سہولیات، ضروری ادویات اور ویکسین کے ذخیرے سمیت انتظامی امور کا جائزہ لیا، جبکہ ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی حاضری بھی چیک کی۔ دورے کے دوران انہوں نے کتے اور سانپ کے کاٹنے سے متاثرہ مریضوں کے لیے دستیاب ویکسین، مختلف ہنگامی طبی ضروریات کے تحت استعمال ہونے والے انجکشن اور دیگر ضروری ادویات کے اسٹاک کا معائنہ کیا اور ان کی میعادِ استعمال بھی چیک کی، تاکہ مریضوں کو ضرورت کے وقت بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اسپتال میں موجود مریضوں سے ملاقات کرکے علاج معالجے اور دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جبکہ اسپتال کے مختلف شعبوں میں انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام حسین کشمیری کی زیر نگرانی اسپتال کی مجموعی کارکردگی اور انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر بدین میڈم زارا زاہد کی تعیناتی کے بعد ضلع بدین میں انتظامی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز و ریونیو افسران مارکیٹوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کے دوروں کے ذریعے انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ماتلی تعلقہ اسپتال کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد سرکاری طبی اداروں میں انتظامی نظم و ضبط، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینا ہے۔



