ایس ایس پی تھرپارکر کا ریسکیو 1122 ڈی ایچ کیو مٹھی اسٹیشن کا دورہ،ہنگامی خدمات اور جدید آلات کا معائنہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) کے ڈی ایچ کیو مٹھی اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں ریسکیو افسران اور اہلکاروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر اسٹیشن ہاؤس انچارج ریسکیو 1122 حبیب اللہ راھیمون نے ایس ایس پی تھرپارکر کو مختلف ہنگامی صورتحال میں فراہم کی جانے والی امدادی خدمات اور ریسکیو آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 فائر ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، عمارتوں کے منہدم ہونے، ڈوبنے کے واقعات، سانپوں سے متعلق ہنگامی صورتحال، کنوؤں میں پھنسے افراد اور دیگر حادثات میں فوری امدادی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ تربیت یافتہ اہلکار جدید آلات کی مدد سے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ابتدائی طبی امداد دینے اور ضرورت کے مطابق اسپتال پہنچانے کی خدمات انجام دیتے ہیں۔
دورے کے دوران ایس ایس پی عارف عزیز نے فائر اینڈ ریسکیو، اربن سرچ اینڈ ریسکیو (USAR) اور واٹر ریسکیو کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے استعمال ہونے والے جدید اور خصوصی آلات کے طریقۂ استعمال سے آگاہ کیا گیا۔
ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے ضلع میں ریسکیو 1122 کی خدمات، پیشہ ورانہ کارکردگی اور اہلکاروں کی محنت کو سراہتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری اور مؤثر امداد فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔



