طلاق کے کاغذات پر دستخط کر دیے، مگر آج بھی رشتہ بچانا چاہتا ہوں،معمررانا

ایک حالیہ انٹرویو میں جذباتی گفتگو کرتے ہوئے معمر رانا نے بتایا کہ زندگی کے اس مشکل مرحلے میں ان کے بھائیوں نے ان کا ساتھ دیا، تاہم اب ان کی اہلیہ اور بچے ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی اپنے اہل خانہ سے محبت کرتے ہیں اور دل سے دعا کرتے ہیں کہ ان کا رشتہ ختم نہ ہو۔
معمر رانا کے مطابق طلاق کا عمل آگے بڑھ چکا ہے اور وہ اس سلسلے میں عدالتی دستاویزات پر دستخط بھی کر چکے ہیں، لیکن ان کے دل میں اب بھی اپنے خاندان کے ساتھ رشتہ برقرار رکھنے کی خواہش موجود ہے۔
اداکار نے 1998 میں اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر مہمناز پرویز سے شادی کی تھی۔ ان کی ازدواجی زندگی تقریباً تین دہائیوں پر محیط رہی اور اس رشتے سے ان کی دو بیٹیاں ہیں، جو اب بڑی ہو چکی ہیں۔
معمر رانا ان دنوں اپنی ذاتی زندگی کے مشکل حالات کے ساتھ پیشہ ورانہ مصروفیات بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ وہ پنجابی تھیٹر کے ڈراموں میں بھی کام کرتے رہے ہیں۔ طلاق سے متعلق ان کا حالیہ بیان سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔



