’’مینگو جٹ‘‘کی شوٹنگ کے دوران حریم فاروق بے ہوش ہوگئیں تھیں،فیصل قریشی کا انکشاف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ اداکارہ حریم فاروق فلم مینگو جٹ کی شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں اور انہیں 103 ڈگری بخار بھی تھا۔
اداکار فیصل قریشی اور حریم فاروق ان دنوں اپنی پنجابی فلم ’مینگو جٹ‘ کی پروموشنز میں مصروف ہیں لیکن فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں اداکاروں کو شدید گرمی کے باعث مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
فلم میں مراد جٹ یعنی مینگو جٹ کا کردار نبھانے والے فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ ننکانہ صاحب میں شوٹنگ کے دوران حریم فاروق کی طبیعت اس قدر بگڑ گئی تھی کہ وہ بیہوش ہوگئی تھیں۔
فیصل قریشی نے بتایا کہ گرمی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ انہوں نے لوکیشن دیکھتے ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ وہاں نہیں رکیں گے اور روزانہ ڈیڑھ گھنٹہ ڈرائیو کرکے شوٹنگ پر آئیں گے، تاہم حریم فاروق نے اسی مقام پر رکنے کا فیصلہ کیا۔
اداکار نے بتایا کہ تیسرے روز حریم کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئیں چونکہ حریم فلم کی ہیروئن ہونے کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر بھی تھیں، اس لیے ان کی غیر موجودگی میں شوٹنگ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا اور پوری ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ حریم کی طبیعت خراب ہونے کے باعث گاڑی والا ایک سین بعد میں شوٹ کرنا پڑا جبکہ بعد ازاں اداکارہ کو بھی اسی جگہ ٹھہرایا گیا جہاں فیصل خود قیام پذیر تھے۔
دوسری جانب حریم فاروق نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 103 ڈگری بخار تھا، جو لاہور پہنچنے کے بعد ہی اترا۔
واضح رہے کہ ’مینگو جٹ‘ 16 اکتوبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے ہدایتکار علی سجاد شاہ، ابوعلیحہ ہیں جبکہ کاسٹ میں شمعون عباسی، عائشہ جہانزیب، قیصر پیا، ہنی البیلا، حسن مراد اور دیگر شامل ہیں۔



