عمران ہاشمی خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئے،شوٹنگ کے دوران کار چہرے سے ایک فٹ دورآگری

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 13 اکتوبر کو بنگلورو میں فلم کے کلائمکس کی عکس بندی کے دوران پیش آیا۔ ایک مخصوص میکانزم کی مدد سے کار کو ہوا میں معلق رکھنے کا اسٹنٹ فلمایا جا رہا تھا کہ اچانک میکانزم میں خرابی پیدا ہوگئی اور گاڑی نیچے آ گری۔حادثے کے بعد فلم کی شوٹنگ کچھ دیر کے لیے روک دی گئی، تاہم 47 سالہ عمران ہاشمی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ واقعے میں کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔رپورٹس کے مطابق فلم کے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز نے تاحال واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، اس لیے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کار کا نیچے گرنا اسٹنٹ کا طے شدہ حصہ تھا یا واقعی تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ میں عمران ہاشمی کے ساتھ جینیلیا ڈی سوزا، اپارشکتی کھرانہ اور ابھیشیک سنگھ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آدتیہ دت کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 27 نومبر 2026 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔



