نیتن یاہو کا ایران پر پیشگی حملے سے گریز کا عندیہ، اسرائیل پر حملے کی صورت میں سخت جواب کی دھمکی

تل ابیب (جانو ڈاٹ پی کے) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل ایران پر پیشگی حملے کے امکان کو اسرائیل کے مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسا اقدام مناسب نہیں ہوگا، تاہم اسرائیل پر حملے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ایک حالیہ انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ ایران پر حملہ کرنا اس وقت اسرائیل کے لیے فائدہ مند نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر میزائل داغے تو اس کے نتائج کی ذمہ داری بھی ایران پر عائد ہوگی۔اسرائیلی وزیراعظم نے تہران اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا طاقتور جواب دیا جائے گا۔نیتن یاہو نے ایران کے معاملے پر واشنگٹن کے ساتھ ہونے والی حالیہ بات چیت کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا، تاہم ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے حوالے سے اسرائیلی حکمت عملی میں ممکنہ اقدامات پر غور جاری ہے۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حالیہ حملوں کے تناظر میں مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک اہم کامیابیوں کے حصول کے لیے اسرائیل سے رابطہ کر رہے ہیں۔



