بیٹے کی موت کے بعد6ماہ گھر سے باہر نہیں نکلا، ببرک شاہ کا دل دہلا دینے والا انکشاف

ایک نجی فیشن میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ببرک شاہ نے بتایا کہ بیٹے کی وفات ان کی زندگی کے بڑے صدمات میں سے ایک تھی، جس نے زندگی کے بارے میں ان کا نقطۂ نظر بدل دیا اور انہیں صبر کرنا سکھایا۔
اداکار کے مطابق ان کے چوتھے بیٹے کی پیدائش سے قبل ان کی اہلیہ کو بہت زیادہ پانی پینے اور برف کھانے کی خواہش ہوتی تھی۔ انہوں نے اسے ایک عجیب اتفاق قرار دیا کہ بعد میں اسی بیٹے کی موت ڈوبنے کے واقعے میں ہوئی۔ ببرک شاہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا 21 رمضان کو پیدا ہوا تھا اور جس مہینے میں وہ دنیا سے رخصت ہوا، وہ بھی رمضان ہی تھا۔
ببرک شاہ کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے اس دکھ کو برداشت کرنا اور حقیقت کو قبول کرنا سیکھا۔ ان کے مطابق اولاد سمیت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ہر نعمت ایک امانت ہے، لیکن والدین کے لیے اپنی اولاد کو اپنے ہاتھوں سپردِ خاک کرنا انتہائی تکلیف دہ تجربہ ہوتا ہے۔
اداکار نے اپنے بیٹے کو ذہین بچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام طور پر اولاد اپنے والدین کو دفن کرتی ہے، مگر انہیں اپنے بیٹے کی تدفین کرنا پڑی۔ یہ ایسا صدمہ تھا جس سے نکلنے کے لیے انہیں خود کو سنبھالنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی تجربے کے تناظر میں ایک شو کے دوران انہوں نے خود کو ’کندن سونا‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ انہیں بدلنا آسان نہیں۔ ان کے بقول بیٹے کی موت نے انہیں زندگی کے تلخ حقائق کا سامنا کرنے اور صبر کے ساتھ آگے بڑھنے کا سبق دیا۔



