ہانیہ عامر کو شوبز میں پہلا موقع میں نے دیا، ان کی صلاحیتیں ابتدا میں ہی پہچان لی تھیں، حریم فاروق

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے حریم فاروق سے پوچھا کہ کیا انہوں نے ہانیہ عامر کو متعارف کرایا تھا؟ اس پر حریم فاروق نے جواب دیا کہ بالکل، ہانیہ عامر کو متعارف کرانے کا سہرا انہیں ہی جاتا ہے۔
حریم فاروق نے بتایا کہ لوگ اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ پہلی مرتبہ فلم پروڈیوس کر رہی ہیں، تاہم ایسا نہیں ہے۔ ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابتدا ہی میں اندازہ ہوگیا تھا کہ ہانیہ نے آگے بڑھنا اور کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنا ہے۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے 2016 میں کامیڈی فلم ’جاناں‘ کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت وہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں۔ حریم فاروق اس فلم کی شریک پروڈیوسر تھیں اور انہوں نے اس میں مختصر کردار بھی ادا کیا تھا۔
ہانیہ عامر کالج کے زمانے میں اپنی ڈب میش ویڈیوز کے باعث بھی مقبول ہوئی تھیں۔ فلم ’جاناں‘ میں اداکاری پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی۔
بعد ازاں ہانیہ عامر نے ’نامعلوم افراد 2‘، ’پرواز ہے جنون‘ اور متعدد ڈراموں میں اداکاری کی۔ ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ میں فرحان سعید کے ساتھ ان کی اداکاری کو بھی خوب پذیرائی ملی، جبکہ 2025 میں وہ بھارتی پنجابی کامیڈی فلم ’سردار جی 3‘ میں بھی نظر آئیں۔



