ڈپٹی کمشنربدین کی زیرِ صدارت اجلاس،پانی کی منصفانہ تقسیم اور نہروں کی لائننگ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت کمیٹی روم میں ضلع کے تمام آبپاشی اور ڈرینیج افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں پانی کی موجودہ صورتحال، پانی کی منصفانہ تقسیم، نہروں کی لائننگ کا باقی ماندہ کام جلد مکمل کرنے اور ایل بی او ڈی (LBOD) سمیت قدرتی آبی گزرگاہوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے کہا کہ پانی زندگی کا بنیادی ذریعہ ہے اور زراعت کا انحصار بھی پانی پر ہے۔ لہٰذا پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے ضیاع کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نہروں کی لائننگ کا باقی ماندہ کام بلا تاخیر مکمل کیا جائے، تاکہ پانی کی بچت ہو اور آبادگاروں کو زرعی ضروریات کے لیے پانی بہتر انداز میں فراہم کیا جا سکے اجلاس کے دوران ایگزیکٹو انجینئرز نے ضلع بدین میں پانی کی موجودہ صورتحال، آبپاشی کے نظام اور نہروں کی لائننگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کے منصوبے کے تحت نہروں کی لائننگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کام کی تکمیل سے پانی کے بہاؤ کے دوران ہونے والے ضیاع میں کمی آئے گی، پانی نہروں کے آخری سروں تک پہنچ سکے گا اور پانی کی بچت بھی ہوگی، جس کا براہِ راست فائدہ آبادگاروں کو حاصل ہوگا افسران نے مزید بتایا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سندھ کی 2007ء کی پالیسی کے تحت فارمر آرگنائزیشنز قائم کی گئی ہیں، جن میں علاقے کے آبادگاروں پر مشتمل کمیٹیوں کے ذریعے پانی کی تقسیم کی نگرانی کی جاتی ہے، تاکہ مختلف علاقوں کے آبادگاروں کو ان کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر ڈرینیج نے ایل بی او ڈی (LBOD) اور پانی کی قدرتی گزرگاہوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی، جس میں نکاسیٔ آب کے نظام اور پانی کی نکاسی سے متعلق امور پر روشنی ڈالی گئی اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر گونی کینال اللہ بچایو، ایگزیکٹو انجینئر اکرم واہ ذیشان شیخ، ایگزیکٹو انجینئر ڈرینیج بدین ضمیر احمد، اے ایکس ای این قاضیہ شہریار درانی، اے ایکس ای این پھلیلی کینال افتخار جوڻيجو، اے ایکس ای این ذوالفقار علی، اے ایکس ای این ڈرینیج حزیر نظامانی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، واٹر سپلائی انچارج میونسپل کمیٹی بدین مقبول احمد راجو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔



