سعودی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، حرمین شریفین کے دفاع کیلئے پاکستان ہر حد تک جانے کو تیار، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک اعلان

سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، حرمین شریفین کے دفاع کیلئے پاکستان ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان ہر قسم کی قربانی دینے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے حوالے سے پاکستانی عزم غیر متزلزل ہے، سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کیلئے پاکستان ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا اور کسی بھی جارحانہ اقدام کے خلاف سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

ترجمان پاک فوج نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، سیاسی اور عسکری تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی سکیورٹی کیلئے پاکستان کا عزم غیر مشروط ہے۔ دونوں ممالک دفاعی تعاون اور موجودہ معاہدوں کی بنیاد پر باہمی اعتماد کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کیلئے کام کر رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں دفاعی حکمت عملی یا فوجی کارروائیوں کی تفصیلات عوامی سطح پر ظاہر نہیں کی جاتیں۔ متعلقہ ممالک باہمی مشاورت سے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل طے کریں گے۔

انہوں نے مکہ معاہدے کو خالصتاً دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے متعدد معاہدے پہلے سے موجود ہیں اور سکیورٹی معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان مشاورت جاری رہتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button