پاکستان انٹرنیشنل آٹوشو2026سج گیا،مریم نواز نے جدید گاڑیوں کا معائنہ کرلیا

میڈ اِن پاکستان کا چرچا، 150 نمائش کنندگان نے لاہور آٹو شو میں رنگ جما دیے

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)لاہور ایکسپو سینٹر میں تین روزہ پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکسپو سینٹر پہنچ کر آٹو شو کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں سے ملاقات کی اور قومی معاشی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔ الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کے نمائندگان اور انتظامی افسران نے گرین ٹیکسی اور وزیراعلیٰ بائیک اسکیم کو بھی سراہا۔

ٹریکٹر ساز صنعت کے نمائندگان نے گرین ٹریکٹر اسکیم کے اجرا کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مقامی ٹریکٹر سازی کی صنعت کو فروغ ملا ہے۔

مریم نواز شریف نے آٹو شو میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، الیکٹرک گاڑیوں اور جدید بائیکس کا معائنہ کیا جبکہ الیکٹرک ایمبولینس میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوزوکی کے بائیو گیس ماڈل کا جائزہ لیا اور ہونڈا، سوزوکی سمیت دیگر کمپنیوں کے غیر ملکی ماہرین سے بھی گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ نے میڈ اِن پاکستان مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ PAAPAM کے چیئرمین عثمان اسلم ملک، چیف آرگنائزر سید نبیل ہاشمی اور دیگر حکام نے انہیں آٹو شو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ایکسپو سینٹر کے چار ہالز میں جاری آٹو شو میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی بھرپور شرکت ہے۔ منتظمین کے مطابق نمائش میں 150 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 44 بین الاقوامی اور 43 مقامی نمائش کنندگان شامل ہیں۔

آٹو شو میں سوزوکی، کیا، جی اے سی، چیری، سازگار، بی وائی ڈی، جی ٹور، ہنڈائی اور ہونڈا سمیت مختلف معروف برانڈز نے اسٹالز لگائے ہیں، جہاں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، الیکٹرک و سیمی الیکٹرک گاڑیوں اور مقامی آٹو پارٹس کی نمائش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button