41سال کی عمر میں حمل، ماہرہ خان کیلئے متنازع الفاظ کا استعمال، صارفین برہم

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کو 41 سال کی عمر میں حاملہ ہونے کے تناظر میں ٹی وی پروگرام کے دوران ’بوڑھی خاتون‘ کہنے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں اپنی حمل کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ اداکارہ نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کا تجربہ ان کے لیے 24 سال کی عمر کے مقابلے میں جسمانی اور جذباتی طور پر مختلف ہے۔

اسی موضوع پر ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں طبی ماہرین کے ساتھ زیادہ عمر میں حمل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ تاہم پروگرام کے دوران ماہرہ خان کے لیے ’بوڑھی خاتون‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے، جس پر سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی۔

صارفین نے اس طرزِ بیان کو نامناسب اور غیرضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کی عمر کو اس انداز میں بیان کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

ایک صارف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی خاتون صحت مند ہے تو 40 سال کی عمر کو محض ’بڑھاپا‘ قرار دینا درست نہیں، جبکہ ایک اور صارف نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھی 41 سال کی عمر میں قدرتی طور پر حمل ٹھہرنے کا تجربہ کیا۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث میں صارفین نے زور دیا کہ حمل اور زچگی جیسے حساس موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کے انتخاب میں احتیاط اور احترام کو ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button