جینیفر لوپیز یا کوئی اور؟ گرفتار خاتون کی تصویر نے انٹرنیٹ ہلا دیا

نیویارک(جانو ڈاٹ پی کے) امریکی ریاست منیسوٹا میں چوری کے الزام میں گرفتار 35 سالہ خاتون کی تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی تہلکہ مچ گیا، صارفین تصویر دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ خاتون کی ظاہری شکل معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز سے غیر معمولی مشابہ قرار دی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیرینا نامی خاتون کو 30 اگست کو منیسوٹا کے علاقے مونٹیسیلو سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون پر تقریباً 580 ڈالر مالیت کی پاور ٹول بیٹریوں کے دو پیک چوری کرنے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق ایک دکان کے ملازم نے خاتون کو مبینہ طور پر اس وقت پہچانا جب وہ اس سے قبل پیش آنے والے ایک اور چوری کے واقعے کے دوران بھی وہاں نظر آئی تھیں۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو حراست میں لے لیا۔

گرفتاری کے بعد سامنے آنے والی تصویر نے اصل واقعے سے زیادہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ صارفین نے خاتون کے چہرے اور ظاہری خدوخال کو جینیفر لوپیز سے مشابہ قرار دیتے ہوئے دلچسپ تبصرے شروع کردیئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ تصویر دیکھ کر اسے ایک لمحے کے لیے لگا جیسے جینیفر لوپیز ہی سامنے موجود ہیں، جبکہ دیگر صارفین نے بھی اس مشابہت کو حیران کن اور ناقابل یقین قرار دیا۔

معاملہ اس وقت مزید دلچسپ ہوگیا جب کچھ صارفین نے جینیفر لوپیز کے 2002 میں مقبول ہونے والے گانے کا حوالہ دیتے ہوئے مزاحیہ تبصرے کیے، جس کے بعد خاتون کی گرفتاری کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

پولیس کے مطابق دستیاب ریکارڈ میں خاتون کی جانب سے بیٹریاں چوری کرنے کا اعتراف بھی درج ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر جاری بحث کا مرکز چوری کے الزام سے زیادہ خاتون کی جینیفر لوپیز سے مبینہ حیران کن مشابہت بنی ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button