پاکستان کی آٹو صنعت کیلئے بڑا اعلان، نئی پالیسی میں مراعات شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی آٹو موبائل صنعت کے لیے اہم پیش رفت، حکومت نے نئی آٹو پالیسی جلد متعارف کرانے کا اعلان کردیا، پالیسی میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے مراعات شامل کرنے کی تجویز ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے لاہور میں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے اور مقامی صنعت کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

ہارون اختر خان کے مطابق پاکستان کی آٹوموٹیو صنعت میں ترقی، سرمایہ کاری اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ نئی آٹو پالیسی میں صنعت کے مختلف شعبوں اور اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

سرکاری طور پر جاری تفصیلات کے مطابق آٹو اینڈ آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 کی شق وار جائزہ اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے، جبکہ پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس بھی جاری رکھے گئے ہیں۔

لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 تین روز تک جاری رہے گا، جس میں مقامی و غیر ملکی آٹو مینوفیکچررز، آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور کاروباری نمائندوں کی شرکت ہے۔

حکومت کی جانب سے آٹو سیکٹر میں مقامی مینوفیکچرنگ، برآمدات، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عالمی مارکیٹ سے روابط بڑھانے پر زور دیا جارہا ہے، جبکہ نئی پالیسی کے حتمی خدوخال مشاورت مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button