ملک میں موبائل کوریج کا بڑا مسئلہ بے نقاب، پی ٹی اے کا آپریٹرز کے خلاف ایکشن

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل فون کوریج نہ ہونے کا انکشاف، پی ٹی اے نے لائسنس یافتہ معیار کی خلاف ورزی پر متعلقہ موبائل آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سال 2026 کی دوسری سہ ماہی، اپریل سے جون، کے لیے کوالٹی آف سروس (QoS) سروے کے نتائج جاری کردیئے ہیں، جن میں ملک کے بڑے شہروں، فوکسڈ اور دیہی علاقوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق سروے موبائل فون نیٹ ورک کوالٹی آف سروس ریگولیشنز 2021 کے تحت کیا گیا، جس کے دوران تمام موبائل فون آپریٹرز کی کوریج، موبائل براڈ بینڈ، وائس کالز اور ایس ایم ایس سروسز کو مقررہ کلیدی کارکردگی کے اشاریوں (KPIs) کے مطابق جانچا گیا۔
پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں نے 11 بڑے شہروں میں تقریباً 27 ہزار 300 وائس کال اور ایس ایم ایس ٹیسٹس کیے، جبکہ موبائل براڈ بینڈ کے تقریباً 0.19 ملین سیمپلز بھی اکٹھے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق فوکسڈ اور دیہی علاقوں میں تقریباً 3 ہزار 300 وائس اور ایس ایم ایس ٹیسٹس جبکہ 24 ہزار موبائل براڈ بینڈ سیمپلز کا جائزہ لیا گیا۔
اسی طرح آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 6 بلند پہاڑی مقامات پر تقریباً 4 ہزار 100 وائس اور ایس ایم ایس ٹیسٹس کیے گئے، جبکہ موبائل براڈ بینڈ کے 3 ہزار 960 سیمپلز بھی حاصل کیے گئے۔
پی ٹی اے کے مطابق سروے کے دوران جہاں کہیں موبائل آپریٹرز مقررہ لائسنس یافتہ معیار پر پورا نہیں اترے، وہاں متعلقہ آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور انہیں مقررہ معیار کی تکمیل کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوالٹی آف سروس سروے کا مقصد موبائل صارفین کو فراہم کی جانے والی وائس، ایس ایم ایس، براڈ بینڈ اور کوریج سروسز کے معیار کی مسلسل نگرانی اور بہتری کو یقینی بنانا ہے۔



