سعودی عرب کی فضاؤں میں ڈرونز کی بھرمار،ریاض اور مدینہ منورہ بھی نشانے پر،2افرادجاں بحق،8زخمی

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی اتحادی افواج نے مزید 5 ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد آج کے روز گرائے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔ ترجمان سعودی اتحاد کے مطابق ریاض اور مدینہ منورہ کی فضاؤں میں 4 ڈرونز کو تباہ کیا گیا، جبکہ اس سے چند گھنٹے قبل ریاض میں بھی ایک ڈرون مار گرایا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل دوسرے روز بھی حملے کیے گئے۔ دمام کے کنگ فہد ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، جبکہ ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق حملے کے بعد دمام آنے والی پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا۔
سعودی حکام کے مطابق مشرقی علاقے میں حوثیوں کے ڈرون حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 4 ڈرونز فضا میں ہی تباہ کردیے گئے۔ اس سے قبل حوثیوں کی جانب سے آرامکو کی شیبہ آئل فیلڈ کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سعودی وزارت توانائی کے مطابق آئل فیلڈ پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے نیپال اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے 2 غیرملکی ہلاک ہوئے، جبکہ ایک پاکستانی اور ایک بھارتی شہری زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے باوجود آئل فیلڈ کے آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا کے خلاف یمنی فورسز کا ’’فجر الیمن‘‘ آپریشن بھی جاری ہے۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی جنگجوؤں کے خلاف 835 کارروائیاں کی گئیں، جن میں 285 جنگجوؤں کی ہلاکت اور گاڑیوں سمیت دیگر سازوسامان کی تباہی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔



