ایشین گیمز2026کی افتتاحی تقریب کل،فاطمہ ثناءاورنور زمان پاکستانی دستے کی قیادت کریں گے

ناگویا(جانو ڈاٹ پی کے)جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں ایشین گیمز 2026 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل منعقد ہوگی، جہاں پاکستان کا دستہ بھی بھرپور انداز میں مارچ پاسٹ میں شرکت کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء اور اسکواش کے کھلاڑی نور زمان قومی دستے کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تھامیں گے۔
ایشین گیمز میں پاکستان کے 230 کھلاڑی اور آفیشلز شریک ہیں جو 23 کھیلوں میں ملک کے لیے میڈلز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ گیمز کا سلسلہ 4 جون تک جاری رہے گا اور 45 ممالک کے 17 ہزار سے زائد ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
گزشتہ ایشین گیمز میں پاکستان نے ایک سلور اور دو برانز میڈلز حاصل کیے تھے۔ رواں ایونٹ میں بھی قومی کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔
دوسری جانب سافٹ ٹینس کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان کو جاپان، کوریا اور کمبوڈیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کی اسکواش ٹیم بھی جاپان پہنچ گئی ہے اور ایونٹ میں اپنی مہم جاری رکھے گی۔



