ٹھٹھہ میں عالمی یومِ طوفان الاقصیٰ پراحتجاجی ریلی،فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی

ٹھٹھہ( جاوید لطیف میمن )شیعانِ علی ابنِ ابی طالبؑ، پیروانِ ولایت و امامت ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے عالمی یومِ طوفان الاقصیٰ کے موقع پر پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی
شیعانِ علی ابنِ ابی طالبؑ، پیروانِ ولایت و امامت ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے عالمی یومِ طوفان الاقصیٰ کے موقع پر پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت تحریکِ بیداری ملت کے رہنما مولانا باقر حسین شجاعی، مولانا علی گوہر ایمانی، اصغریہ آرگنائزیشن سندھ کے رہنما رضا سومرو، مجلس وحدت مسلمین عزادار ونگ کے صوبائی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسین شاہ، جماعت اسلامی ضلع ٹھٹھہ کے صدر ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں، سہیل احمد پلیجو، سید عباس شاہ، بشیر قاضی، کامران سومرو سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔
ریلی میں جماعت اسلامی ٹھٹھہ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کی مبینہ جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فلسطین و ایران کے حق میں بھی نعرے لگائے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور بھارت نے فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جہاں بے گناہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ سمیت عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسجدِ اقصیٰ تمام مسلمانوں کا قبلۂ اول ہے اور اس کا تحفظ ہر مسلمان کا فرض ہے۔ مسلمان مسجدِ اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس مقصد کے لیے جو بھی قربانی دینا پڑی، اس سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کا خاتمہ کرکے فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کا خاتمہ کرکے مسلمانوں کو آزادانہ اور باعزت زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔



