ای سی سی اجلاس:پنجاب، کے پی،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 2 ارب روپے منظور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی ضمنی انتخابات اور پنجاب میں حلقہ بندیوں کی سرگرمیوں کیلئے سرنڈر کئے گئے فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور توثیق کیلئے 59 کروڑ 61 لاکھ 80 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔
ای سی سی نے اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے غیر حساس انتخابی سامان کی خریداری کیلئے فوری طور پر 2 ارب روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
اجلاس میں ای سی سی نے اہم مالیاتی و ترقیاتی اقدامات کی منظوری سمیت مختلف اداروں کیلئے اربوں روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے پیش کردہ 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں فنانسنگ، ترقیاتی اقدامات، انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی اصلاحات اور مختلف شعبہ جاتی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ ای سی سی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تیار کردہ فنانسنگ فریم ورک کی منظوری دی، جس کے تحت ایجنسی فنانشل انسٹی ٹیوشنز (اے ایف آئیز) کو چھوٹے کاروباروں اور چھوٹے کسانوں کیلئے حکومت کی موجودہ رسک کوریج اسکیموں میں شامل کیا جائے گا۔
اس اقدام کے ذریعے اہل مائیکرو فنانس اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں کے نیٹ ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے فنانسنگ تک رسائی وسیع کرنے کا مقصد ہے۔
کمیٹی نے کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ فنڈ (سی جی ٹی ایف) کے سیکنڈ سپلیمنٹری ٹرسٹ ڈیڈ میں ایڈنڈم کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد موجودہ کریڈٹ گارنٹی سہولت کے مؤثر استعمال کے ذریعے کم لاگت ہاؤسنگ فنانس کو فروغ دینا ہے۔
ای سی سی نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے لیے 2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی، جو سمیڈا کے منظور شدہ بزنس پلان پر عملدرآمد کیلئے استعمال ہوگی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کی فوری مالی ضروریات پوری کرنے اور اس کے اختتامی عمل کی تکمیل کیلئے 11 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کیلئے 8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی جس سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے انفراسٹرکچر منصوبوں کی تیاری اور عملدرآمد میں مدد ملے گی۔
وزارت ریلوے کیلئے تھر کول ریل کنیکٹیویٹی منصوبے کیلئے 10 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی جس کا مقصد بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتی شعبوں کیلئے مقامی تھر کوئلے کے استعمال کو ممکن بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سمری پر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی ضمنی انتخابات اور پنجاب میں حلقہ بندیوں کی سرگرمیوں کیلئے سرنڈر کئے گئے۔ فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور توثیق کیلئے 59 کروڑ 61 لاکھ 80 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور کینٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے غیر حساس انتخابی سامان کی خریداری کیلئے مجموعی طور پر 17 ارب 87 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ فوری طور پر 2 ارب روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی سمری پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے وزیراعظم آفس اور وزیراعظم اسٹاف کالونی کی ضروری مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات کیلئے مالی سال 2026-27 کے دوران 30 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری کیلئے پاکستان کی 31ویں کانفرنس آف دی پارٹیز (کوپ 31) میں شرکت سے متعلق ضروری اخراجات کیلئے 15 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔ کوپ 31 ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہوگی ای سی سی نے پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ اسکیم 2025 کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ کاری کے حق میں 93 کروڑ 44 لاکھ 81 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔ یہ رقم منظور شدہ فریم ورک کے مطابق فنڈ کو فعال بنانے کیلئے استعمال ہوگی۔
اسی طرح وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سمری پر چین میں ایک ہزار زرعی ماہرین کی قلیل مدتی تربیت کیلئے وزیراعظم کے اقدام کے تحت ایک ارب 66 کروڑ 61 لاکھ 76 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد زرعی ٹیکنالوجی، جدت اور تحقیق میں مہارت کو فروغ دینا ہے۔
کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے 2026 کی تمباکو فصل کیلئے کم از کم اشارتی قیمتوں اور 2026-27 کیلئے سیس کی شرحوں میں ترمیم سے متعلق سمری کی منظوری دی۔
پاسکو کے صوبائی حکومتوں سے واجب الادا بقایاجات کو براہ راست کٹوتیوں کے ذریعے ایڈجسٹ کرنے سے متعلق سمری پر فیصلہ مؤخر کردیا گیا اور متعلقہ فریقین سے مزید مشاورت کے بعد معاملہ دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ریونیو ڈویژن کی سمری پر مقامی طور پر تیار کئے جانے والے ٹائروں کی درآمد پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی کے نفاذ سے متعلق ایس آر او 693(1)/2006 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی اس اقدام کا مقصد مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہے۔
ای سی سی نے پاکستان ریونیو آٹومیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ (پرال) کیلئے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی، جو ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد اور جاری تنظیم نو کیلئے استعمال ہوگی۔
وزارت تجارت کی سمری پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے وسائل کو منظور شدہ فریم ورک کے مطابق حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ فنڈ کے وسائل کا پیداواری استعمال اور پائیدار مالی انتظام یقینی بنایا جاسکے۔



