شوہر کو ای میل کے ذریعے مذاق میں بیوی کو طلاق دینا مہنگا پڑ گیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ نےای میل کے ذریعے بیوی کو طلاق دینے والے شوہر کے مذاق میں طلاق دینے کے موقف کو مستردکرتے ہوئے طلاق کو موثر قرار دیدیا ، عدالت نے راحیل احمد کی یونین کونسل کے فیصلے کیخلاف درخواست خارج کر دی ۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں یونین کونسل کا طلاق موثر ہونے کا سرٹیفکیٹ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ خاتون کو ازدواجی حیثیت کے بارے میں غیر یقینی میں نہیں رکھا جا سکتا،شوہرطلاق کی اطلاع یونین کونسل کو نہ دے تو بیوی خود یونین کونسل کو آگاہ کر سکتی ہے۔
ہائیکورٹ نے حکومت کو طلاق کے قانون میں ترمیم کیلئے سفارش کر دی اور فیصلے کی نقل پنجاب کی تمام فیملی کورٹس کو رہنمائی کے لیے بھجوانے کا حکم جاری کر دیا ۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ شوہراپنی قانونی غلطی کا فائدہ اٹھا کر طلاق کا عمل نہیں روک سکتا، فیملی کورٹ طلاق ہونے کا تعین کرنے سے انکار نہیں کر سکتی۔
عدالت نے شوہر کا طلاق مذاق میں دینے کا مؤقف مسترد کر دیااور قرار دیا کہ طلاق کے معاملے میں 90 روزہ مصالحتی عمل غیر یقینی پیدا کرنے کے لیے نہیں ہے ۔
فیصلے کے مطابق شوہر نے یونین کونسل کو طلاق کی اطلاع نہیں دی،بیوی کی درخواست پر کارروائی ہوئی، راحیل احمد نےای میل کے ذریعے اپنی بیوی کو طلاق بھیجی، خاتون نے سامان جہیز اور دیگر مطالبات کیلئے فیملی کورٹ سے رجوع کیا، فیملی کورٹ نے باقی ایشوز پر فیصلہ دیتے ہوئے طلاق کے مؤثر ہونے بارے یونین کونسل سے رجوع کرنےکی ہدایت کی، یونین کونسل نے خاوند کے پیش نہ ہونے پر طلاق مؤثر قرار دیدی، خاوند کے تاخیری حربوں کے سبب خاتون کو غیر یقینی صورتحال میں نہیں رکھا جا سکتا۔



