ہاردک پانڈیا کی واپسی خطرے میں؟ گمبھیر نے دوٹوک اعلان کردیا

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے)ہاردک پانڈیا کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے واضح کردیا کہ مکمل فٹنس ثابت کیے بغیر آل راؤنڈر کو ٹیم میں واپس لانے میں کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی۔

ہاردک پانڈیا کو 2026 کی آئی پی ایل کے بعد پہلی مرتبہ ایکشن میں واپسی کا موقع دیا گیا ہے اور انہیں آسٹریلیا اے کے خلاف ون ڈے میچز کے لیے بھارت اے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

گوتم گمبھیر کے مطابق ہاردک اس وقت مکمل 10 اوورز کرانے کی پوزیشن میں نہیں، جبکہ آئی پی ایل کے بعد انہوں نے زیادہ کرکٹ بھی نہیں کھیلی، اس لیے ان کی واپسی کا فیصلہ مکمل فٹنس اور کارکردگی دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔

ہاردک کی عدم موجودگی میں نتیش کمار ریڈی نے خود کو ایک قابلِ اعتماد متبادل کے طور پر پیش کیا ہے۔ ریڈی نے افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں اور دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔

گمبھیر نے کہا کہ جنوبی افریقا میں آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے سیمر بولنگ آل راؤنڈرز انتہائی اہم ہوں گے۔ اگر ہاردک اور نتیش دونوں مکمل فٹ ہوئے تو بھارت ایک ہی پلیئنگ الیون میں دونوں کو شامل کرنے پر بھی غور کرسکتا ہے۔

ہیڈ کوچ کے مطابق اگر ہاردک بھارت اے کے میچز میں اپنی فٹنس ثابت کردیتے ہیں تو اس کے بعد انہیں دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button