ایشین گیمز میں بھارتی جمناسٹ اور کوچ کو ایک ہی کمرہ الاٹ،رات گئے نیامسئلہ کھڑا ہوگیا

ناگویا(جانو ڈاٹ پی کے)جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026 کے دوران بھارتی جمناسٹ پرناتی نائیک اور ان کے مرد کوچ اشوک مشرا کو رہائش کے حوالے سے غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی دستے کے ارکان کے لیے مختص کروز شپ پر انتظامی غلطی کے باعث پرناتی نائیک اور ان کے کوچ اشوک مشرا کو ایک ہی کمرہ الاٹ کردیا گیا، جس پر مخلوط جنس کی رہائش سے متعلق خدشات پیدا ہوئے اور معاملہ بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن تک پہنچ گیا۔
صورتحال کا نوٹس لیے جانے کے بعد تقریباً رات ڈیڑھ بجے دونوں کے لیے الگ الگ کمروں کا انتظام کیا گیا، تاہم اشوک مشرا کے لیے مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق نئے کمرے کی چابی حاصل کرنے پہنچنے پر ہوٹل انتظامیہ کو رجسٹر میں اشوک مشرا کی بکنگ ہی نہیں مل سکی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ سرکاری ریکارڈ میں نام درج کرتے ہوئے حرف ’آئی‘ رہ جانے کی وجہ سے ان کی بکنگ کی تفصیلات میں مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ایکریڈیٹیشن اور بکنگ کی معلومات دوبارہ چیک کرکے درست کی گئیں، جس عمل میں مزید تقریباً 45 منٹ لگ گئے۔ یوں اشوک مشرا رات 2 بجے کے بعد اپنے کمرے میں پہنچ سکے۔پرناتی نائیک نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رہائش کی الاٹمنٹ میں غلطی ہوئی تھی، تاہم مسئلہ رات تقریباً 2 بجے تک حل کرلیا گیا۔پرناتی نائیک 19 ستمبر سے ایشین گیمز میں جمناسٹکس مقابلوں میں اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔



