آئی پی ایل 2025 میں مبینہ فکسنگ کا بڑا دعویٰ، سابق کرکٹر کے اسٹنگ آپریشن میں اہم انکشافات

نئی دہلی (جانو ڈاٹ پی کے) انڈین پریمیئر لیگ اور بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹ میں مبینہ فکسنگ اور سٹے بازی کے الزامات ایک بار پھر سامنے آگئے، بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹنگ آپریشن کے دوران سابق فرسٹ کلاس کرکٹر رچت بھاٹیا نے آئی پی ایل 2025 میں مبینہ میچ فکسنگ سے متعلق دعوے کیے ہیں۔
رچت بھاٹیا کے مطابق آئی پی ایل 2025 کے دوران لندن میں موجود مبینہ بکیز کو میچ سے قبل ٹیم کی فائنل پلیئنگ الیون سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں آئی پی ایل کے کم از کم 5 میچز سے متعلق بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سابق کرکٹر نے دعویٰ کیا کہ چنئی سپر کنگز سے وابستہ وینیش بیدی کو میچ سے قبل پلیئنگ الیون کی معلومات موصول ہوتی تھیں، جو مبینہ طور پر اسنیپ چیٹ کے ذریعے لندن میں موجود بکیز تک پہنچائی جاتی تھیں۔
رچت بھاٹیا کے مطابق مبینہ طور پر ان معلومات کے عوض 3 کروڑ روپے کمائے گئے، جبکہ معلومات کی ترسیل کے لیے مخصوص کوڈز اور ایموجیز استعمال کرنے کی تربیت بھی دی جاتی تھی۔
سابق کرکٹر نے مزید دعویٰ کیا کہ 2018 کی سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران بھی مبینہ فکسنگ ہوئی، جبکہ آئی پی ایل کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں مبینہ فکسنگ کے لیے انہیں فی میچ 40 لاکھ روپے ادا کیے جاتے تھے۔
ان الزامات کے سامنے آنے کے بعد بھارتی کرکٹ میں میچ فکسنگ اور سٹے بازی کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھ گئے ہیں، تاہم مذکورہ دعوؤں کی حتمی حقیقت کا تعین متعلقہ تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر ہی ہوسکے گا۔



