ایشین گیمز میں بھارتی ایتھلیٹ کا فیصلے پر احتجاج، حریف اور ریفری سے ہاتھ ملانے سے انکار

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) ایشین گیمز کے ایم ایم اے سیمی فائنل میں بھارتی ایتھلیٹ سوچیکا تاریال کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے حریف ایتھلیٹ اور ریفری سے ہاتھ نہیں ملایا۔
60 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں بھارتی ایتھلیٹ کا مقابلہ سنگاپور کی ہوئی ہون سے ہوا۔ مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ایتھلیٹس کے درمیان مقابلہ برابر رہا، تاہم بھارتی ٹیم کی جانب سے ججز کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔
ریویو کے بعد بھی ججز نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور سنگاپور کی ایتھلیٹ کو فاتح قرار دیا گیا۔
مقابلہ برابر ہونے کی صورت میں مقررہ قوانین کے تحت کم وزن رکھنے والی ایتھلیٹ کو برتری حاصل ہوتی ہے۔ بھارتی ایتھلیٹ کا وزن حریف سے 700 گرام زیادہ تھا، جس کے باعث فیصلہ ہوئی ہون کے حق میں گیا۔
فیصلے کے بعد سوچیکا تاریال نے احتجاجاً حریف ایتھلیٹ اور ریفری سے مصافحہ نہیں کیا، جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔



